اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے ملاقات کی ہے۔ جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفرااسٹرکچر، لاجسٹکس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔شہباز شریف نے سنگاپور کی اقتصادی ترقی، جدت اور کامیاب تبدیلی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ سطح پر اور آسیان کے پلیٹ فارم کے ذریعے تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں فریقین نے باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس بریفنگ میں سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا ہے کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر خوشی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کی آزادی کو تسلیم کیا، پاکستان کے اس تاریخی کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور مسلسل مشاورت جاری ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کرنا بھی خوش آئند ہے۔سنگاپور کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بہترین ہیں تاہم تجارتی حجم میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان اور سنگاپور کے تاجروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ غیر یقینی عالمی معاشی صورتحال میں مضبوط اقتصادی تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنگاپور پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ اور کاربن اخراج میں کمی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کر رہا ہے۔ کاربن مارکیٹس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم شعبہ بن سکتی ہیں۔ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے بتایا کہ پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سنگاپور سول ڈیفنس فورس کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا ہے، جس کے تحت قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال کی تیاری، پیشگی اطلاع کے نظام اور سرچ اینڈ ریسکیو صلاحیتوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ دونوں ممالک مشترکہ تربیتی مشقوں اور تجربات کے تبادلے پر بھی کام کریں گے۔
شہباز شریف سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







