کے پی میں ڈینگی کے 5 ہزار سے زائد کیسز، کوہاٹ سرفہرست

پشاور (شہرنامہ نیوز)موسم کی تبدیلی کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افرادکی مجموعی تعداد 5 ہزار268 ہوگئی، صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد169 ہے۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 5 ہزار 98 مریض ڈینگی سے صحت یاب ہوچکے۔رپورٹ کے مطابق کوہاٹ میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 3 ہزار 8 کیسز رپورٹ ہوئے، کوہاٹ میں ڈینگی کے 123 فعال کیسز موجود ہیں، پشاور میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 655 ہو گئی، صوبے میں ڈینگی سے اب تک ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں اکتوبرکے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 2656 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈینگی بخار مچھروں کے کاٹنے سے پھیلنے والی ایک عام بیماری ہے۔ ڈینگی کی سب سے اہم علامت تیز بخار کے ساتھ جسم اور پٹھوں میں درد کا ہونا ہے۔ البتہ زیادہ بیمار ہونے کی صورت میں جسم پر دھبے نمایاں ہوسکتے ہیں اور ساتھ ہی ، خون کے بہنے اور موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔محققین کی جانب سے ڈینگی ویکسین پر کام کیا جارہا ہے مگر تاحال اسے تیار نہیں کیا جاسکا تو جن علاقوں میں یہ بیماری عام ہے وہاں مچھروں سے بچاؤ ہی تحفظ کا بہترین طریقہ ہے اور مچھروں سے بچنے کے لیے بہتر ہے کہ گھر پر ہی رہیں۔اگر آپ بھی کسی ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں یہ بیماریاں عام ہے تو اپنے گھر کو درج ذیل حفاظتی اقدامات اپنا کر ڈینگی سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔ڈینگی مچھروں کی افزائش صاف اور جمع شدہ پانی میں ہوتی ہے اس کے علاوہ خالی گملوں، اور کچرے اور کوڑے کے ڈھیر میں بھی مچھر پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس سے نجات حاصل کریں ۔ پانی کو جمع نہ ہونے دیں اور کچھرے کے ڈس بن کو ڈھانپ کے رکھیں۔یاد رکھیں ڈنگی سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ آپ خود کو اور اپنے پیاروں کو مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رکھیں۔ اس کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر خود کو ڈھانپ کے رکھیں۔ پورے آستین والے کپڑے پہنیں ۔ مچھروں کو بھگانے والے لوشن کا استعمال کریں اور مچھر دانی کا لگائیں۔جتنا ممکن ہوسکے صبح اور شام کے اوقات میں دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں تاکہ مچھر گھر میں داخل نہ ہوں۔ البتہ دن کے اوقات میں کھڑکیاں کھولیں تاکہ سورج کی روشنی گھر میں آسکے جس سے گھر میں پہلے سے موجود مچھر باہر بھاگ سکیں۔ اگر کسی طرح مچھر گھر میں آجائیں تو مچھر کش ادویات اور اسپرئے کا استعمال کریں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں