دوسرا ٹیسٹ: سری لنکا 98 رنز پرڈھیر، پاکستان کو 23 رنز کی برتری

راولپنڈی(شہرنامہ سپورٹس نیوز)راولپنڈی میں خراب روشنی کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا لیے ہیں اور اسے سری لنکا پر پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری حاصل ہے۔اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ طیب عارف 46 جبکہ محمد طحہٰ اور کپتان بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو، لاہیرو کمارا اور پرباتھ جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آؤٹ کردیا۔یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے جبکہ یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف چوتھا کم ترین اسکور بھی ہے۔کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں