پنجاب میں گرمی کی شدت سے زراعت بحران کا شکار، اقوام متحدہ کا انتباہ

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) اقوامِ متحدہ کے اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بارانی دیہی علاقوں میں گرمی کی لہروں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تعداد زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث گھریلو آمدنی میں کمی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے، اس صورتِ حال سے بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔یہ جائزہ رپورٹ ’’شدید گرمی اور زراعت‘‘اقوامِ متحدہ کے اداروں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر جاری کی ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت عالمی غذائی پیداوار کو درپیش سنگین ترین اور فوری خطرات میں سے ایک بن چکا ہے، یہ خطرہ اربوں افراد کے روزگار کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کمزور زرعی برادریوں کو فوری معاشی اور غذائی نقصان پہنچا رہا ہے۔اقوامِ متحدہ کے اداروں کے مطابق پنجاب کے زیادہ بارش والے علاقوں میں پھلوں کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، شدید گرمی کے زرعی پیداوار پر اثرات انتہائی واضح ہیں، کیونکہ گرمی کی لہروں کے باعث فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔خطے میں مویشی پالنے کا شعبہ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے، شدید گرمی کے دباؤ کے باعث بڑے جانوروں میں دودھ کی پیداوار کم ہو جاتی ہے، جبکہ چھوٹے مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری پھیلنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔زراعت پر انحصار کرنے والے دیہی خاندانوں کے لیے زرعی پیداوار میں کمی کا براہِ راست مطلب گھریلو آمدنی میں کمی ہے، جس سے بنیادی غذائی اشیا خریدنے کی ان کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔اس بحران میں مزید شدت اس وجہ سے آ رہی ہے کہ شدید گرمی میں سبزیوں، دودھ اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا کے ضائع ہونے کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔ خوراک کا اس بڑے پیمانے پر ضائع ہونا مقامی منڈیوں میں غذائی اشیا کی دستیابی کم کرتا ہے اور قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔دیہی خاندانوں کو دوہرے نقصان کا سامنا ہے، ایک طرف وہ اپنے استعمال کے لیے کم اقسام اور کم غذائیت والی خوراک پیدا کر پاتے ہیں، جبکہ دوسری طرف زرعی آمدنی بھی کم ہو جاتی ہے، جس پر ان کا بازار سے خوراک خریدنے کے لیے انحصار ہوتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ دوہرا بوجھ صحت مند اور متوازن غذا تک ان کی رسائی کو شدید محدود کر دیتا ہے، اگرچہ اس صورتِ حال سے پوری برادری متاثر ہوتی ہے، تاہم اقوامِ متحدہ کے اداروں کے مطابق خواتین کو عموماً اس بحران کا غیر متناسب طور پر زیادہ بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔پنجاب میں خواتین زرعی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جن میں فصلوں کی کٹائی، پانی جمع کرنا اور گھر کے دیگر جسمانی مشقت والے کام شامل ہیں۔ان سرگرمیوں کے باعث خواتین کو طویل وقت تک شدید گرمی میں کام کرنا پڑتا ہے، جس سے ان میں گرمی سے متعلق بیماریوں اور صحت کی دیگر پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔یہ خطرات حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کے لیے خاص طور پر زیادہ سنگین ہیں، کیونکہ انہیں غذائیت اور متوازن خوراک کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، لیکن گھروں میں خوراک کی کمی کے دوران اکثر سب سے پہلے انہی ضروریات پر سمجھوتہ کیا جاتا ہے۔رپورٹ میں شامل تحقیق کے مطابق درجہ حرارت میں ہر ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ قبل از وقت بچے کی پیدائش کے امکانات میں چار فیصد اضافہ وابستہ ہے۔ جبکہ گرمی کی لہروں کے دوران قبل از وقت پیدائش کا خطرہ 26 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں