ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل، 14 نومبر تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 10 نومبر سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی سلسلے کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آج رات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 اور 13 نومبر کے دوران بارش کا امکان ہے، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جبکہ شدید برفباری کی صورت میں بعض سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔مزید برآں بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں