اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے تعلیمی ادارے کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے پانچویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقائی تعلیمی تعاون، علمی شراکت داری اور انسانی وسائل کی ترقی کے فروغ کے لیے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے پاکستان کا قومی مؤقف پیش کیا اور کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت معیاری تعلیم تک رسائی میں بہتری، سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے، اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کو مستحکم بنانے کے لیے جامع تعلیمی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، جدت اور جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تعلیم، ای سی او خطے کی پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ وجیہہ قمر نے کہا کہ تعلیم علاقائی روابط، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے، پاکستان نوجوانوں کے لیے بامقصد مواقع پیدا کرنے اور خطے میں تعلیمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، جامعات کے مابین ادارہ جاتی روابط اور علمی و تحقیقی تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر مملکت نے ای سی او تعلیمی ادارے کے مجوزہ ورک پروگرام برائے 2027 تا 2029 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری، ہنرمندی کے فروغ اور علاقائی انضمام کے لیے عملی، مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے علاقائی تعلیمی تعاون کے فروغ کے لیے حکومت ترکیہ، ای سی او سیکرٹریٹ اور ای سی او تعلیمی ادارے کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔ وجیہہ قمر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ای سی او کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر جامع اور مساوی تعلیمی مواقع، جدت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور خطے کی پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ، وجیہہ قمر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






