450 روپے میں دو بیڈ روم کا فلیٹ! چین میں ناقابلِ یقین نیلامی

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) چین میں آن لائن شاپنگ سیل فیسٹیول 11، 11 یا ڈبل الیون بہت مقبول ہے جس کے دوران متعدد اشیا کم داموں پر فروخت کی جاتی ہیں۔مگر اس بار تو وہاں ایک گھر ہی صرف 11 یوآن (450 پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کر دیا گیا۔جی ہاں واقعی چینی صوبے Heilongjiang کے شہر ہیگانگ میں ڈبل الیون فیسٹیول کے موقع پر یہ فلیٹ نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔68 مربع میٹر رقبے کا یہ فلیٹ ایک عمارت کی 7 ویں منزل پر موجود ہے۔ڈبل بیڈروم پر مشتمل اس فلیٹ نے ڈبل الیون فیسٹیول میں سستی اشیا کی فروخت کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔11 یوآن پاکستانی 458 روپے سے زائد بنتے ہیں اور اسے ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے تحت فروخت کیا گیا۔اس نیلامی کا آغاز ایک یوآن سے ہوا اور بتدریج بڑھ کر 11 یوآن تک پہنچی۔پلیٹ فارم ریکارڈز کے مطابق 1667 افراد نے 5 نومبر کو ختم ہونے والی نیلامی میں حصہ لیا۔جس فرد نے نیلامی میں کامیابی حاصل کی، اس کا تعلق مشرقی چین کے صوبے سے تھا اور اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔اس نیتجے سے حیران فرد نے نیلامی کی لائیو اسٹریم میں کہا کہ اس کا وہاں منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، مگر وہ فلیٹ کو اپنے پاس رکھے گا تاکہ وہاں تعطیلات منانے جاسکے۔11 یوآن کے ساتھ ساتھ اسے جائیداد کی ملکیت اپنے نام کروانے کے لیے مزید 2 ہزار یوآن بھی ادا کرنا ہوں گے۔اس شہر کی پراپرٹی ایپس کے تخمینے کے مطابق وہاں سیکنڈ ہینڈ فلیٹ کی مارکیٹ ویلیو 40 ہزار یوآن کے قریب ہوتی ہے۔فلیٹ نیلام کرنے والے ادارے کے ایک منیجر نے بتایا کہ یہ معاہدہ ڈبل الیون پروموشن کے تحت آن لائن ای کامرس کمپنی سے ہوا تھا جو قیمت کے فرق کو پورا کرے گی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں