پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششیں، جاپان کا 43 لاکھ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں معاونت کے لیے 43 لاکھ ڈالر کی نئی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے 2027ء کی انسدادِ پولیو مہمات کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدی جائیں گی۔جاپانی حکومت کی یہ مالی معاونت پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی وائلڈ پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ملک میں گزشتہ برسوں کے دوران پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، ضلع خیبر میں متاثرہ بچوں کی تعداد 3 ہوگئی سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں پولیو کے 74 کیسز سامنے آئے تھے، جو 2025 میں کم ہو کر 31 رہ گئے، جبکہ 2026 میں اب تک 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ان میں سے 6 کیسز جنوبی خیبر پختونخوا سے سامنے آئے، جہاں بدامنی اور رسائی میں مشکلات کے باعث بچوں تک ویکسین پہنچانا ایک بڑا چیلنج ہے۔پولیو وائرس کی مسلسل موجودگی کے پیش نظر حکومت پاکستان نے عالمی شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو زیرو کے تحت قومی ہنگامی لائحہ عمل 27-2026 تیار کیا ہے، جس کا مقصد 2027 کے اختتام تک ملک سے پولیو وائرس کی منتقلی کا خاتمہ کرنا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں