راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز (AFIC-NIHD) کے اشتراک سے 14 نومبر کو عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا۔ واک کی قیادت مہمانِ خصوصی میجر جنرل نادر خان، کمانڈنٹ و ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے ایف آئی سی-این آئی ایچ ڈی نے کی۔ واک میں کرنل شکیل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پناہ؛ ثناء اللہ گھمن، جنرل سیکرٹری پناہ۔ سینئر کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر شازیہ فاطمہ ملک کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحت سے وابستہ پیشہ ور افراد، نوجوانوں، طلبہ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی، احتیاطی طبی اقدامات اور مؤثر حکومتی پالیسیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی میجر جنرل نادر خان نے ذیابیطس اور امراضِ قلب کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی، بروقت احتیاط اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند غذائی عادات کو فروغ دینا، جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا اور بروقت طبی معائنہ کروانا، عوام کو قابلِ تدارک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پناہ، کرنل شکیل نے ذیابیطس سے نمٹنے کے لیے مسلسل عوامی آگاہی اور صحت کے اداروں، سول سوسائٹی اور حکومت کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند غذائی انتخاب، باقاعدہ جسمانی سرگرمیوں اور بیماری کی بروقت تشخیص کے ذریعے بچاؤ کو قومی ترجیح بنایا جانا چاہیے۔
جنرل سیکرٹری پناہ، مسٹر ثناء اللہ گھمن نے پاکستان میں ذیابیطس کی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 3 کروڑ 45 لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی سے بھرپور مشروبات اور الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کا ضرورت سے زیادہ استعمال ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی بیماریوں میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ غیر صحت بخش غذائی مصنوعات کی روک تھام کے لیے موئژر پالیسی اقدامات جیسے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) لازمی قرار دیے جائیں، چینی سے میٹھے کیے گئے مشروبات پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے اور غذائی نظام سے صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹس کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط احتیاطی پالیسیوں کا نفاذ آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے اور خاندانوں پر صحت اور معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مضبوط صحتِ عامہ کی پالیسیوں، صحت مند غذائی ماحول کے فروغ اور ذیابیطس سے بچاؤ کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان کے عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کی اجتماعی اپیل کے ساتھ ہوا۔
پناہ اور اے ایف آئی سی کی عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد






