ایاز صادق کا وفاقی محتسب کے دفتر کا دورہ، جسٹس (ر) سردار محمد اقبال میموریل لائبریری کا افتتاح

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی محتسب کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں وفاقی محتسب جسٹس (ر) نوید کامران بلوچ اور اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق وفاقی محتسب جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کے نام سے منسوب جسٹس (ر) سردار محمد اقبال میموریل لائبریری کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے لائبریری کے قیام کے اقدام کو سراہا اور جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کی عدالتی خدمات اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے ان کی گراں قدر کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جسٹس (ر) سردار محمد اقبال ایک بااصول، غیر جانب دار اور صاحبِ بصیرت شخصیت تھے۔ بطور وفاقی محتسب انہوں نے عوام کو فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے نام سے لائبریری کا قیام ان کی علمی، قانونی اور قومی خدمات کا اعتراف ہے۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ یہ لائبریری قانون اور انصاف کے شعبے سے وابستہ افراد، محققین اور طلبہ کے لیے علمی و تحقیقی معاونت کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔ جسٹس (ر) سردار محمد اقبال کی اصول پسندی، دیانت داری اور عوامی خدمت کا جذبہ ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر وفاقی محتسب کے ادارے کی کارکردگی کو بھی سراہا۔تقریب میں جسٹس (ر) سردار محمد اقبال مرحوم کی صاحبزادی اور اسپیکر قومی اسمبلی کی اہلیہ محترمہ ریما ایاز صادق نے بھی شرکت کی اور لائبریری کے قیام پر وفاقی محتسب جسٹس (ر) نوید کامران بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلیٰ افسران، علمی و ادبی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں