راولپنڈی بورڈ: میٹرک امتحانات 2027ء کا شیڈول جاری، داخلوں کا آغاز

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرِ اہتمام میٹرک نہم (پارٹ اوّل) اور دہم (پارٹ دوئم/کمپوزٹ) کے سالانہ امتحان 2027ء کا آغاز 16 مارچ 2027ء سے ہوگا۔ بورڈ نے امتحان میں شرکت کے خواہش مند ریگولر اور پرائیویٹ اُمیدواروں کے داخلہ فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ترجمان تعلیمی بورڈ ، راولپنڈی ارسلان علی چیمہ کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 دسمبر 2026ء، دوگنا فیس کے ساتھ 28 دسمبر 2026ء، تین گنا فیس کے ساتھ 11 جنوری 2027ء جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 200 روپے یومیہ جرمانے کی ادائیگی پر داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 28 فروری 2027ء مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ امتحان میں شرکت کرنے والے تمام پرائیویٹ اُمیدوار داخلہ فیس اور پروسیسنگ فیس کے علاوہ 1150روپے رجسٹریشن فیس بھی جمع کروائیں گے۔ترجمان تعلیمی بورڈ ، راولپنڈی کے مطابق پرائیویٹ اُمیدواروں کیلئے داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی بورڈ میں جمع کروانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اُمیدوار آن لائن داخلہ فارم جمع کروانے کے بعد اس کی ہارڈ کاپی پرنٹ کرکے اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ پرائیویٹ اُمیدوار اپنے امتحانی مرکز کے زون کے مطابق متعلقہ ادارے سے داخلہ فارم کی تصدیق کروانے کے بعد فارم کے ساتھ جاری کردہ چالان کے ذریعے ہی فیس جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ مینول چالان کے ذریعے جمع کروائی گئی فیس قابلِ قبول نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ریگولر ادارہ جات اور پرائیویٹ اُمیدوار صرف آن لائن پورٹل سے جاری کردہ چالان کے ذریعے فیس جمع کروائیں۔ ریگولر ادارہ جات اپنے پورٹل سے چالان پرنٹ کرکے استعمال کریں۔
ریگولر اور پرائیویٹ اُمیدوار داخلہ فارم آن لائن جمع کروانے کیلئے بورڈ کی ویب سائٹ www.biserawalpindi.edu.pk وزٹ کریں۔ کسی بھی قسم کی معلومات یا دشواری کی صورت میں کنٹرولر امتحانات کے فون نمبرز 5450917-051، 5450918-051 یا اسسٹنٹ کنٹرولر میٹرک کے دفتر کے نمبر 5450932-051 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں