پاکستان ریلوے ملکی صنعتی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے گا: حنیف عباسی

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) فاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری کاشف نذیر بجاڑ نے وفد کے ہمراہ وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی۔ملاقات میں میرپور کی صنعتی و کاروباری سرگرمیوں، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان ریلوے کے ذریعے مال برداری و ٹرانسپورٹ سہولیات کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری کاشف نذیر بجاڑ نے وفاقی وزیر ریلوے کو چیمبر کی تاریخ، صنعتی سرگرمیوں اور کاروباری شعبے کی ترقی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میرپور چیمبر کا قیام 1980 میں عمل میں آیا۔ میرپور میں فارماسیوٹیکل، اسٹیل اور دیگر شعبوں سے وابستہ 115 صنعتی یونٹس فعال ہیں، جو خطے کی معاشی و صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وفد نے صنعتی شعبے کی ضروریات، کاروباری برادری کو درپیش ٹرانسپورٹ کے مسائل اور پاکستان ریلوے کے ذریعے سامان کی ترسیل کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے صنعتی مراکز کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے اور مال برداری کی سہولیات سے استفادے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں پاکستان ریلوے اور میرپور کی صنعتی و کاروباری برادری کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے، صنعتوں کے لیے مؤثر اور کم لاگت ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی اور مال برداری کے شعبے میں ریلوے کے کردار کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، ملکی معیشت کی مضبوطی اور کاروباری برادری کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ صنعتی شعبے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مال برداری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور کاروباری برادری کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے صنعتی و کاروباری شعبے کے ساتھ تعاون کے فروغ اور پاکستان ریلوے کی مال برداری کی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ استفادے کے عزم کا اظہار کیا، تاکہ صنعتوں، تجارت اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں