میکسیکو کے آسمان پر پراسرار مخلوق کی پرواز،ڈائنوسار دور کی مخلوق سے مشابہت

میکسیکو(شہرنامہ ویب نیوز)میکسیکو میں امریکی سرحد کے قریب آسمان پر پرواز کرتی ایک نامعلوم مخلوق کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بعض صارفین اسے لاکھوں سال پہلے معدوم ہونے والے اڑنے والے رینگنے والے جانور سے مشابہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد کے نزدیک یہ ویڈیوز مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہیں۔برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے مطابق یہ مناظر میکسیکو کے شہر سیوداد خواریز کے قریب ریکارڈ کیے گئے۔ ایک ویڈیو میں رات کے وقت سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ کے دوران سیاہ رنگ کی ایک مخلوق فضا میں اڑتی دکھائی دیتی ہے۔ اس کے بڑے پر اور سر کے پچھلے حصے میں ابھری ہوئی ساخت نمایاں ہے۔ دوسری ویڈیو دن کے وقت بنائی گئی، جس میں اسی طرح کی مخلوق عمارتوں کے اوپر سے گزرتی نظر آتی ہے۔ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ کچھ صارفین نے اس مخلوق کو کروڑوں سال پہلے معدوم ہونے والے اڑنے والے رینگنے والے جانور ’پٹیروڈیکٹائل‘ سے ملتا جلتا قرار دیا، جبکہ دوسروں نے دعویٰ کیا کہ یہ مناظر اے آئی کی مدد سے بنائے گئے ہیں۔میکسیکن یو ایف او محقق جائمے موسان نے 11 نومبر کو یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وادی خواریز میں دکھائی دینے والی یہ مخلوق کسی دوسرے جہت سے زمین پر پہنچی ہے؟ بعد ازاں اپنے ٹی وی پروگرام میں ایک ویڈیو دکھاتے ہوئے انہوں نے اس جانور کو ’پٹیرانوڈون‘ قرار دیا، جو ایک دیوہیکل اڑنے والا رینگنے والا جانور تھا اور تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال پہلے معدوم ہوگیا تھا۔

موسان نے ان ویڈیوز کو مستند قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پس منظر میں امریکی ریاست ٹیکساس کے فرینکلن پہاڑ بھی دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سے ویڈیوز کے حقیقی مقام پر ریکارڈ ہونے کی نشاندہی ہوتی ہے۔ تاہم کسی علاقے یا پس منظر کی شناخت سے ویڈیو میں نظر آنے والی مخلوق کی حقیقت ثابت نہیں ہوتی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں