اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا باقاعدہ اجرا کر دیا، انہوں نے محفوظ دوا ایپ کے ذریعے دوا کا پیکٹ سکین کر کے اصلیت کی تصدیق کی۔ادویات کی ٹریکنگ کیلئے وزارت قومی صحت کی ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان کی طبی سہولتوں کو فروغ دینے کے حوالے سے شاندار اقدام ہے، جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کیلئے اہم ڈیجیٹل اقدام کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 2010-11میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات سے جانیں ضائع ہوئیں، دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی 3 لیبارٹریوں میں بھجوائے، یورپی لیبارٹریوں نے تصدیق کی کہ مریضوں کو دی گئی ادویات دل کی نہیں ملیریا کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق کے حوالے سے سنگین غفلت سامنے آئی، ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ کر عوامی خدمت کیلئے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محفوظ دوا ایپ بنانے پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سی ای او ڈریپ مبارکباد کے مستحق ہیں، محفوظ دوا منصوبے میں تعاون کرنے والی وزارتوں، اداروں اور فارما انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، محفوظ دوا منصوبے کا پیغام وزارت اطلاعات کے تعاون سے گھر گھر پہنچایا جائے۔
ہر دوائی کی تصدیق ممکن، وزیراعظم نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






