سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مراد علی شاہ

کراچی(شہرنامہ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے 105 سے زائد شرکاء نے ملاقات کی، ورکشاپ کی قیادت میجر جنرل محمد رضا کر رہے ہیں، شرکاء میں 25 خواتین بھی شامل تھیں۔ملاقات میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سردار علی شاہ، جام خان شورو، ضیاء الحسن لنجار اور ذوالفقار شاہ سمیت چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس جاوید اوڈھو اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں صوبے کی ترقی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی کو ملک کا ترقی پسند، معاشی طور پر متحرک اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا شہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، کراچی میں روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کراچی پسماندہ ہوتا تو لوگ یہاں آ کر کیوں آباد ہوتے؟ سیاسی مخالفین شہر کے بارے میں منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دنیا کے خطرناک ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کی درجہ بندی 2013 کے چھٹے نمبر سے بہتر ہو کر 138ویں نمبر پر آگئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کول سے بجلی کی پیداوار، شاہراہ بھٹو اور انفراسٹرکچر کی بہتری سندھ حکومت کی بڑی کامیابیاں ہیں، کراچی میں سائبر نائف کے ذریعے کینسر کا مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ این آئی سی وی ڈی میں دل کے امراض کے علاج کی وسیع سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے سندھ کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 2005 میں حیدرآباد ڈویژن کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں