کراچی(شہرنامہ نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے حکومت کو سمجھائیں کہ تمام معاملات اتفاق رائے سے حل کرے، اگر ہم آپس میں لڑتے رہیں گے تو عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔رحیم یار خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے مفت علاج کے ہسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایسا معاشی بحران زندگی میں نہیں دیکھا، خوف ہے معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی اور غربت بڑا مسئلہ ہے، لوگ چاہتے ہیں سیاست دان عوامی مسائل پر توجہ دیں، ہم نے رحیم یار خان، کوٹ ادو، گوجر خان اور ڈی آئی خان میں ایس آئی یو ٹی کی سہولت پہنچانی ہے، سندھ بھر میں دل، گردوں اور جگر کا بلا تفریق مفت علاج کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، موجودہ صورتحال میں سب متحد ہو کر فیصلے کریں گے تو معاملات حل ہوں گے، خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث معاشی مشکلات میں اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی ہسپتال کا پہلا مرحلہ 50 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں ڈائلیسس، ایمرجنسی، لیبارٹری ٹیسٹ، پتھری کے علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولتیں دستیاب ہوں گی، ان تمام سہولتوں کے تحت علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہوا ہے اور کوشش ہے کہ اگلے سال کے اندر پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد یہاں مفت علاج کی سہولت شروع کر دی جائے، دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ اس منصوبے پر پیشرفت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تعاون بھی اہم ہے، جنہوں نے جنوبی پنجاب میں اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہئے۔
معاشی بحران سنگین، مشکلات بڑھنے کا خدشہ، سیاست دان متحد ہوں: بلاول بھٹو
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







