ہسپتال بنانامسئلے کاحل نہیں ، بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ دینا ہوگی:مصطفی کمال

کراچی(شہرنامہ نیوز)وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے۔بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نےملک میں صحت کے نظام اور بیماریوں سے بچاؤ پر اہم گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے۔ اسپتالوں میں عمارتیں، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور مشینری فراہم کرنا ہیلتھ کیئر کی ترجیح نہیں، بلکہ اصل ہیلتھ کیئر لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا ہیلتھ کیئر نہیں بلکہ اسے سک کیئر (بیماریوں کا علاج) کہا جاتا ہے۔ لاکھوں روپے فیس لینے والے نجی اسپتال بھی مریضوں سے بھرے پڑے ہیں اور مہنگی فیس دینے کے باوجود مریضوں کو بیڈ نہیں مل رہے۔وفاقی وزیر صحت کے مطابق سفارش کے ذریعے مریضوں کو اسپتالوں میں بیڈ دلوانے کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ آج ہم کتنے اسپتال بنائیں گے اور کتنے ڈاکٹرز و طبی عملے تیار کریں گے؟ پاکستان ترقی پذیر ملک ہے، معیشت کمزور اور وسائل محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ نہ دی تو اسپتالوں کی تعداد بڑھانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور صحت کے نظام کی اصل توجہ بیماریوں سے بچاؤ پر ہونی چاہیے۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران امریکا، برطانیہ، یورپ، چین، بھارت اور ترکی کا صحت کا نظام دباؤ برداشت نہ کرسکا۔ ایک وقت میں بڑی تعداد میں لوگوں کے بیمار ہونے سے دنیا کی بڑی طاقتوں کے اسپتالوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وبا نہیں لیکن مختلف بیماریوں کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔ پاکستان کا صحت کا نظام بھی خدانخواستہ تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتا ہے۔وفاقی وزیر صحت کے مطابق پاکستان کی آبادی 36 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، آبادی میں سالانہ اضافے کی شرح ڈھائی فیصد ہے جبکہ پاکستان میں شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے۔ آبادی میں اضافے کی رفتار کم نہیں ہو رہی اور پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی کا اضافہ کر رہا ہے، جبکہ پانچ سال میں پاکستان کی آبادی میں آسٹریلیا جتنی آبادی کا اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بیماریوں کے بوجھ کے پیش نظر کتنے اسپتال تعمیر کیے جائیں گے؟ ہر گلی کے کونے پر اسپتال بنا دیں تب بھی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات پوری نہیں ہوسکتیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں