اسلام آباد(شہرنامہ نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنے پہلے تربیتی سیشن کا آغاز کر دیا۔ قومی اسکواڈ نے صبح 10 بجے پریکٹس شروع کی، جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں تاکہ ویسٹ انڈیز کے دورے سے قبل بہترین تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی سیشنز 12 جولائی تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری رہیں گے، جبکہ 10 اور 11 جولائی کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ دو روزہ وارم اپ میچ میں بھی حصہ لے گا۔قومی کرکٹ ٹیم 13 جولائی کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے روانہ ہوگی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرے گی۔
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی اور ٹیسٹ سیریز سے قبل چار روزہ پریکٹس میچ 18 جولائی سے شروع ہو گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 جولائی اور دوسرا ٹیسٹ 2 اگست سے کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں۔
علم میں رہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے بعد تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے انگلینڈ پہنچے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیم کے درمیان ٹیسٹ میچز 19 اگست ، 27 اگست اور 9 ستمبر سے کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز؛ قومی ٹیم کا راولپنڈی میں تربیتی کیمپ شروع






