سوناکشی سنہا کا انکشاف، سلمان خان ہماری محبت کی کہانی سے واقف تھے

بمبئی(شہرنامہ نیوز)بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ان کے شوہر ظہیر اقبال نے اپنی محبت کی کہانی سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے تعلق کا اندازہ سب سے پہلے سلمان خان کو ہوگیا تھا، حالانکہ وہ دونوں اس وقت اپنے رشتے سے انکار کرتے تھے۔سوناکشی سنہا نے انکشاف کیا کہ ان کی اور ظہیر اقبال کی پہلی ملاقات سلمان خان کی ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان خان شروع ہی سے دونوں کے درمیان بڑھتی قربت کو بھانپ چکے تھے۔ ظہیراقبال نے سلمان کی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی سلمان خان کو اپنے اور سوناکشی سنہا کے رشتے کے بارے میں نہیں بتایا، لیکن سلمان کو پہلے ہی سب کچھ سمجھ آ چکا تھا۔ ظہیر کے مطابق ایک ٹریکنگ ٹرپ کے دوران سلمان خان نے مسکراتے ہوئے صرف اتنا کہا، “سب نظر آ رہا ہے۔” انہوں نے بتایا کہ سلمان نے نہ کوئی سوال کیا اور نہ ہی مزید بات چھیڑی، مگر ان کا مختصر جملہ ہی اس بات کا واضح اشارہ تھا کہ وہ ہم دونوں کے درمیان بڑھتی قربت سے بخوبی واقف تھے۔ سوناکشی کے مطابق سلمان خان نے ایک موقع پر مسکراتے ہوئے کہا تھا ایک دن تم دونوں کا بریک اپ ہوگا، پھر تم یہاں آکر روؤ گی اور وہ وہاں آکر روئے گا۔ میں تم دونوں سے محبت کرتا ہوں اس لیے کسی ایک کا ساتھ نہیں دینا چاہتا۔ تاہم سلمان خان کی بریک اپ سے متعلق پیشگوئی درست ثابت نہ ہوسکی۔ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے تقریباً سات برس تک خاموشی سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، 2022 میں فلم ڈبل ایکس ایل میں ایک ساتھ کام کیا اور جون 2024 میں سادہ تقریب میں شادی کرلی۔ دونوں اب خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔

خبر پر اپنی رائے دیں