واشنگٹن(شہرنامہ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ امریکا کی بنیادی ترجیح یہ ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کو کسی بھی طریقے، شکل یا صورت میں جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکی صدر نے اس مؤقف کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا امریکا کا بنیادی مقصد ہے۔ ٹرمپ کا تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام، پابندیوں اور خطے میں جاری کشیدگی کے حوالے سے اختلافات برقرار ہیں۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ اب ایران کو سرنڈر کرنے کا سفید جھنڈا لہرا دینا چاہیے، ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے جلدی نہیں، ان کی انتظامیہ نے ایران کی پاسداران انقلاب کے ساتھ براہ راست رابطے کے لیے ایک بیک چینل قائم کیا ہے۔ ایران نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر عمان کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے ممکنہ معاہدے پر پیش رفت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر عمان کو دھمکی دیدی، امریکی میڈیا فاکس نیوز کو انٹرویو دیتےہوئے کہا اگر آبنائے ہرمز کھولنے کی کوششوں میں عمان آڑے آیا تو اسے بری طرح بمباری کا نشانہ بنائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے کہا امریکا کے پاس اب بھی ہتھیاروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جتنے ہتھیار اب تک امریکا نے استعمال کیے ہیں، وہ نہ ہونے کے برابر تھے، امریکا کے پاس درمیانے درجے کے بہت سے ہتھیار موجود ہیں۔
آبنائے ہرمز کھولنے کی کوششوں میں عمان رکاوٹ بنا تو بمباری کریں گے، ٹرمپ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







