شراب پی کر ڈرائیونگ کیس،ڈیوڈ وارنر پر 1500 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ عائد

کینبرا(شہرنامہ نیوز)سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں سزا یافتہ قرار دے کر ان پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ڈیوڈ وارنر کے شراب پی کر گاڑی چلانے کے کیس کی آسٹریلوی عدالت نے سماعت کی۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر کے اعترافِ جرم کے بعد اب عدالت نے انہیں سزا سنائی ہے، وارنر پر 1500 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ دورانِ سماعت ڈیوڈ وارنر کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے ان کو سزا یافتہ قرار نہ دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وارنر کی غلطی کو دنیا بھر میں میڈیا نے کور کیا، ان کے مالی معاہدوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے پیغام دینا بہت اہم ہے، جس سے ڈیوڈ وارنر کے دوبارہ جرم کرنے کا امکان کم ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو اب گاڑی چلانے کے لیے انٹر لاک ڈیوائس بھی استعمال کرنا ہو گی، انٹر لاک ڈیوائس کا لائسنس حاصل کرنے اور ڈیوائس گاڑی میں لگوانے کے بعد وہ ڈرائیو کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے تھے، سڈنی میں ڈیوڈ وارنر کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ ہوا، وہ شراب پی کر ڈرائیو کر رہے تھے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کی جگہ پر پہنچنے سے قبل گاڑی میں سوار ساتھی کے ساتھ سیٹ بھی تبدیل کی تھی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں