اسلام آباد کے نئے انتظامی ڈھانچے کیلئے جامع روڈ میپ تیار، تین کمیٹیاں بنانے کی سفارش

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) اسلام آباد کے نئے مجوزہ انتظامی ڈھانچے کے قیام کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرلیا گیا۔ وزیراعظم کو پیش ڈرافٹ میں قانون، مالیاتی نظام اور عبوری انتظامات کیلئے تین کمیٹیاں بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اداروں کی تنظیم نو اور وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار بھی تجویز کردیا گیا۔ نئے نظام کی منتقلی کا سارا عمل ٹرانزیشن کمیٹی کے ذریعے مکمل ہوگا۔ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس بنانے کی جانب بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ سب سے پہلے وفاقی دارالحکومت کو نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے کے لیے قانون سازی، مالیاتی نظام اور عبوری انتظامات کیلئے تین الگ کمیٹیاں بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ جامع روڈ میپ وزیراعظم کو پیش کردیا گیا۔ مجوزہ ڈرافٹ میں نئے نظام کی تشکیل اور منتقلی کا طریقہ کار وضع کردیا گیا۔قانون سازی کیلئے وزیر قانون کی زیرِ صدارت کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز ہے۔ قانون بننے کے بعد عبوری انتظامات کیلئے خصوصی ٹرانزیشن کمیٹی بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ کمیٹی میں وزیر پارلیمانی امور کو شامل کرنے کی تجویز ہے۔ نئے نظام کی منتقلی کا تمام عمل ٹرانزیشن کمیٹی کے ذریعے مکمل کرنے جبکہ مالیاتی معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے فنانس کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ فنانس کمیٹی وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ تینوں کمیٹیوں میں مقامی ارکانِ قومی اسمبلی اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہوں گے۔ ڈرافٹ میں موجودہ اداروں کی تنظیمِ نو کرکے فوری انتظامی معاملات چلانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ وفاق سے مناسب وسائل کی فراہمی کیلئے مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مقامی ٹیکسز کے استعمال اور وسائل کی تقسیم کیلئے نئے نظام کی تشکیل بھی مجوزہ روڈ میپ کا حصہ ہے۔ انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کے ساتھ مالیاتی معاملات کو مربوط بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں