بیجنگ(شہرنامہ نیوز) چین سے تعلق رکھنے والے 106 سالہ شخص اپنے غیر روایتی طرز زندگی اور طویل شادی کے باعث وائرل ہوئے ہیں۔چین کے صوبے ژجیانگ کے علاقے Rui’an سے تعلق رکھنے والے وانگ ڈیانگو 106 سال کی عمر کے باوجود اپنے تمام کام خود کرتے ہیں۔بیشتر افراد کے برعکس ان کے روزمرہ کے معمولات کافی منفرد ہیں۔وہ دوپہر 4 یا 5 بجے سوتے ہیں اور رات ایک بجے اٹھ کر 3 بجے ناشتے سے لطف اندوز ہوتے ہیں جس کے بعد چہل قدمی کے لیے نکلتے ہیں۔ان کے بیٹے نے بھی اس غیرمعمولی معمول کو اپنا لیا ہے اور روزانہ بہت جلدی اٹھ کر ناشتہ تیار کرتا ہے۔اسی طرح وانگ ڈیانگو اپنے کپڑے دھونے، نہانے دھونے اور سلائی کے کام بھی خود کرتے ہیں۔ان کی غذا سادہ ہے اور زیادہ تر سی فوڈ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے لمبی عمر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اسے مثبت ذہنیت، مضبوط خاندانی روایات، کام اور سیکھنے کے جذبے کا نتیجہ قرار دیا۔اگرچہ انہوں نے محض 4 سال تک رسمی تعلیم حاصل کی، مگر علم کی پیاس سے انہیں کافی کچھ سیکھنے اور صلاحیتوں پر عبور حاصل کرنے میں مدد ملی۔انہیں کم عمری میں ہی گاؤں کے کیشیئر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔اس کام کے دوران انہوں نے گاؤں والوں کا مشاہدہ کرکے کھانا پکانے اور دیگر متعدد کاموں میں مہارت حاصل کی۔وانگ اور ان کی اہلیہ ہونگ ایلیان کی شادی 80 سال تک برقرار رہی اور ان کا ایک بیٹا ہے جبکہ گھر میں اب 4 نسلیں ایک ساتھ رہ رہی ہیں۔ان کے علاقے میں رہنے والے افراد اس جوڑے کو ماڈل جوڑا قرار دیتے ہیں جب خاندانوں میں جھگڑے ہوتے تو انہیں ختم کرنے کے لیے لوگ اس جوڑے کی رہنمائی حاصل کرتے۔ان کے بیٹے نے بتایا کہ ماں کو جلد غصہ آتا تھا جبکہ باپ نرم دل اور پرسکون طبعیت کے مالک ہیں۔جب بیوی کو غصہ آتا تو وانگ ڈیانگو کبھی بحث نہیں کرتے بلکہ خاموشی سے پانی کا گلاس دیتے اور مسکرا کر کہتے ‘پہلے کچھ پانی پی لو اس کے بعد غصہ کرنا’۔عام طور پر اس عمل سے ان کی اہلیہ کا غصہ ختم ہو جاتا۔جب ہونگ ایلیان کا انتقال ہوا تو وانگ ڈیانگو لوگوں سے کٹ گئے تھے اور مشکلات کا سامنا ہوا مگر بتدریج بیٹے کی مدد سے دوبارہ زندگی کی جانب لوٹ آئے۔
106 سالہ شخص کی لمبی عمر کا راز کیا ہے؟ جواب جان کر حیران رہ جائیں گے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







