لاہور(شہرنامہ نیوز) پنجاب میں خصوصی انسداد پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی۔ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں اور آئندہ خصوصی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹاسک فورس نے پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مہم کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اِسی طرح اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان، متعلقہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے 13 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران ایک کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، لاہور میں مہم سات روز جبکہ دیگر ہدف شدہ اضلاع میں چار روز جاری رہے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مہم پنجاب کے 8 اضلاع میں مکمل جبکہ 5 اضلاع میں جزوی طور پر منعقد کی جائے گی، لاہور، ملتان، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور شیخوپورہ میں مکمل مہم ہوگی جب کہ اٹک، بہاولپور، فیصل آباد، قصور اور میانوالی کے مخصوص علاقوں اور یونین کونسلز میں بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔مہم کے دوران مجموعی طور پر 1,376 ہدف شدہ یونین کونسلز کا احاطہ کیا جائے گا، پولیو مہم کے لیے 39,774 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 77,488 اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
پنجاب میں ایک کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







