ملتان(شہرنامہ نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی تک اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔ملتان میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور لیوی کے خلاف احتجاج اور لانگ مارچ سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، ہماری شٹر ڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے حکومت پر دباؤ پڑا، حکومت کو پیٹرول قیمتیں کم کرنے کے لیےمختلف تجاویز دیں، لیکن حکومت نے کہا آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں لیوی کم نہیں کرسکتے، آپ پیٹرول پر لیوی ختم نہیں کرسکتے تو ہم اپنا احتجاج کیسے ختم کرسکتے ہیں، ہمارا ذاتی ایجنڈا نہیں، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر جاری ناجائز ٹیکسز ختم کردیں ہم آج ہی اپنا دھرنا ختم کر دیں گے۔ان کا کہنا تھا ہمارے مارچ سے پہلے وزرا سے ملاقاتوں کے تین سے چار دور ہوئے، حکومت کی جانب سے دیا گیا ریلیف ناکافی ہے، ہم لانگ مارچ اور احتجاجی تحریک سے دستبردار نہیں ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا وزیراعظم شہبازشریف نے ہم سے مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ وطن واپس آکر ہم سے ملاقات کریں گے اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر بات کریں گے، طویل مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم جب پاکستان آئیں گے تو ان سے بات ضرور کریں گے لیکن اپنی تحریک سے دستبردار نہیں ہوں گے، حکومت سے تحریری یقین دہانی لیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







