اے پی سی کی دعوت قبول ،جماعت اسلامی کا گورنر راج یا ایمرجنسی کی مخالفت کا اعلان

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کا اعلان کردیا ہے۔اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس اور سینیئر سیاست دان مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جسے قبول کرلیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں امن و امان، معاشی صورتحال، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری عمل سے متعلق معاملات پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کو معطل یا متاثر کرنے والے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔علامہ ناصر عباس نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا مقصد سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ جمع کرکے ملک کو درپیش مسائل پر بات چیت اور ان کے ممکنہ حل تلاش کرنا ہے۔ انہوں نے سیاسی اور سماجی تقسیم کم کرنے کے لیے تمام فریقوں کے درمیان بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں