کولمبو میں دوسری میڈ ان پاکستان نمائش، خورشید برلاس کی پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری کے چیئرمین خورشید برلاس نے میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیرہائی کمشنرپاکستان سے سری لنکا ، کولمبو میں ملاقات کی۔ ملاقات میںبانی چیئرمین خورشید برلاس نے ملکی اور ملکی ہونیوالی نمائشوں جس میں سعودی عرب جدہ ،یو کے ، بحرین اور حال ہی میں میڈان پاکستان بنگلہ میں ہونے والی نمائشوں کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ خورشید برلاس نے بتایا کہ دوسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن اینڈ بزنس انوسٹمنٹ کانفرنس23 سے 27 دسمبر2026ءکوبندرانائیکے میموریل انٹرنیشنل کانفرنس ہال کولمبو، سری لنکا میں کر رہے ہیں ۔ نمائش میں ٹیکسٹائل انڈسٹری،فیشن اور فیبرکس،فوڈ پراڈکٹس،برقی آلات،کچن کا سامان/کراکری،صارفین کی مصنوعات،جوتے،گھریلو سامان،فرنیچر اور فکسچر،جواہرات اور زیورات، ماربل اور شیشہ،کھیلوں کا سامان،سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت ،مشینری اور آلات،پینٹ، ایچ وی اے سی آر،دستکاری کی مصنوعات نمائش کا حصہ بنیں گے۔نمائش سے پاکستان سری لنکا تجارت کے نئے راستے کھلیں گے جو پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی طور پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پاکستانی ہائی میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر نے خورشید برلاس کی معیشت کے حوالے سے کی جانیوالی کاوشوں کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ اس نمائش میں بھرپور طریقے سے سپورٹ بھی کرینگے اور نمائش کے انعقاد میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔ملکی معیشت کو بڑھانے کیلئے آپ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنرمیجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر نے سری لنکا کی اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول مزید پرکشش ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ آزادانہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا نظام،سازگار حکومتی پالیسیاں، اسٹریٹجک محل وقوع اور تعلیم یافتہ و موافق افرادی قوت ہے۔ سری لنکا اب جنوبی ایشیا میں سرمایہ کاری کے لیے ایک انتہائی امید افزا ملک کے طور پر جانا جاتا ہے ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے پاس ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کے لیے متعدد مصنوعات ہیں، ہمیں اِن مواقعوں کی نشاندہی کرنی چاہیے جہاں سری لنکا اپنی درآمدات کو دیگر ممالک کے بجائے پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دے سکتا ہے۔آخر میں پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزبیشن انڈسٹری کے چیئرمین خورشید برلاس نے میجر جنرل (ر) ڈاکٹر نیئر نصیر ہائی کمشنرپاکستان کو دوسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں