خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 18 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 18 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، کامیاب انٹیلی جنس بیسڈکارروائی میں 13خوارج ہلاک ہوگئے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھتے ہوئے ان کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی، سیکیورٹی فورسزعزم استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف بھی موثرکارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کےعلاقوں سیاپشت اورکلی گشتری میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کرلیا گیا، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اورسرچ آپریشن جاری ہے۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کیخلاف موثر،فیصلہ کن کارروائیوں سے قوم کےعزم وحوصلے کی عکاسی کی ہے، یہ کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے خلاف پختہ عزم کا واضح اظہار ہیں۔ صدرمملکت آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں