ریاض میں 6 کروز میزائل، 2 بیلسٹک میزائل اور 5 ڈرونز تباہ،ملبہ گرنے سے 4 افراد زخمی

ریاض(شہرنامہ نیوز) سعودی فضائی دفاعی نظام نے منگل اور بدھ کی صبح مملکت میں مختلف اہداف پر حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے جانے والے کروز، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کردیا۔منگل کی رات ریاض میں عرب اتحاد نے مختلف علاقوں میں 6 کروز، دو بیلسٹک میزائل اور 5 ڈرونز مار گرائے۔ میزائل کا ملبہ گرنے سے 4افراد زخمی جبکہ 15 رہائشی عمارتوں کومعمولی نقصان پہنچا۔وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا الشرقیہ ریجن کے شہر ظہران میں آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس سے معمولی نوعیت کی آگ لگی۔ ذرائع نے کہا کہ متعلقہ حکام نے واقعے پر فوری کارروائی کی اور ضروری اقدامات کیے۔یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان نے بتایا ریاض اور جنوبی ریجن میں چار کروز میزائلوں اور دو ڈرونز کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کر دیا گیا۔عرب اتحاد نے کہا کہ وہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے ڈرونز اور کروز میزائلوں کے خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ اتحاد کے مطابق ایسے خطرات کا پتا چلا لیا گیا ہے اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب یمنی فوج کی حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن فجر الیمن جاری ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق آپریشن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر لڑاکا طیاروں، ڈرونز، فیلڈ آرٹلری اور راکٹوں سے دو ہزار 200 کامیاب حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں حوثیوں کے 1200 سے زائد جنگجو ہلاک ہوگئے۔ترجمان کے مطابق یمنی افواج کو زمینی محاذوں پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ تعز میں شدید حملوں کے دوران حوثی ملیشیا کے قافلوں اور کمک کو بھاری نقصان پہنچا۔ ترجمان یمنی فوج نے بتایا کہ چار سو چالیس سے زائد فوجی گاڑیاں اور دیگر عسکری سازوسامان تباہ کیا گیا۔ تمام حملے جائز فوجی اہداف کے خلاف کیے گئے۔

خبر پر اپنی رائے دیں