لندن(شہرنامہ نیوز)دلوں کو چھو لینے والی ایک تصویر نے وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ائیر 2026 کا اعزاز جیت لیا ہے۔اٹلی سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر فیڈریکو ویرونیسی کی یہ تصویر نمیبیا کی ہے جس میں ایک ہتھنی اپنے مردہ بچے کو اٹھائے ہوئے ہے۔لندن کے نیچرل ہسٹری میوزم کے زیرتحت ہونے والے مقابلے کے فاتحین کا اعلان کیا گیا ہے۔مقابلے کی جیوری کی سربراہ کیتھی موران نے کہا کہ اس تصویر کو دیکھ کر جذباتی دھچکا لگتا ہے اور اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ جانوروں کے پاس بھی شعور ہوتا ہے۔فیڈریکو ویرونیسی نمیبیا کی Huab ریور ویلی میں ہاتھیوں کی ٹریکنگ کر رہے تھے جب انہوں نے ریت پر کسی چیز کو گھسیٹے جانے کے غیرمعمولی نشانات کو دیکھا۔اس پر چلتے ہوئے انہوں نے ایک ہتھنی کو ایک مردہ بچے کو لے جاتے ہوئے دیکھا۔پہلے تو فوٹوگرافر کو لگا کہ وہ ہتھنی بچے کی ماں ہے مگر جب انہوں نے اس تصویر کو ہاتھیوں پر تحقیق کرنے والے ایک پراجیکٹ کے ماہرین کے ساتھ شیئر کیا تو انہیں علم ہوا کہ ایسا ضروری نہیں۔محققین نے اس ہتھنی کو شناخت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بچہ برسوں قبل مر گیا تھا جس کے بعد اسے دیگر ہتھنیوں کے مردہ بچوں کو اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔جیوری نے مجموعی طور پر ایک درجن سے زائد کیٹیگریز کے فاتحین کا اعلان کیا۔اس مقابلے کے لیے مجموعی طور پر 65 ہزار سے زائد تصاویر 121 ممالک سے بھیجی گئی تھیں۔لندن ہسٹری میوزیم کے ڈائریکٹر ڈف گیور نے کہا کہ رواں سال انعامات جیتنے والی تصاویر وائلڈ لائف فوٹوگرافری کی حیرت انگیز پاور کی عکاسی کرتی ہیں تاکہ ہم قدرت کو مختلف انداز سے دیکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر یہ تصاویر ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ہر جاندار زندگی کے پیچیدہ جال میں کردار ادا کرتا ہے جبکہ فطرت کا تحفظ اور اسے سمجھنا بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔11 سے 14 سال کی عمر کے وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا اعزاز آسکر وائٹ فیلڈ کے نام رہا۔
مردہ بچے کو اٹھائے ہتھنی کی تصویر نے عالمی اعزاز جیت لیا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






