خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی قرارداد سینیٹ سےمنظور، اپوزیشن کا واک آؤٹ

اسلام آباد(شہرنامہ نیوز) قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کی پیش کردہ قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی، اپوزیشن ارکان منظوری کے وقت ایوان سے باہر چلے گئے۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد پیش کی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا اگر اپوزیشن بغیر بحث کے ووٹنگ کرانا چاہتی ہے تو اس کے لیے تیار ہیں ، اگر گھر میں کھانا ٹھنڈا ہورہا ہے تو اپوزیشن ووٹ کرکے چلی جائے۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج اور شور شرابہ کیا ۔ وزیرقانون نے کہا سینیٹ سے ایمرجنسی کی منظوری کے لیے پیش کی گئی قرارداد آئینی تقاضا ہے ۔ اپوزیشن ایمرجنسی کو نامنظور کرنے کی قرارداد نہیں لا سکتی ۔ البتہ اپنے ووٹوں سے قرارداد مسترد کرسکتی ہے تو کردے ۔ چیئرمین سینیٹ نے قرارداد منظوری کے لئے پیش کی تواپوزیشن ارکان شور شرابہ کرتے ہوئے ایوان سے باہر چلے گئے اور ایوان نے قرارداد کی متفقہ منظوری دے دی۔ کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آرٹیکل دو سو چونتیس کے تحت خیبرپختونخواہ میں لگنے والے گورنر راج کی منظوری لی جائے گی۔

خبر پر اپنی رائے دیں