سعودی اتحاد کا کروز میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ، حوثیوں کی مدینہ منورہ پر حملے کی تردید

ریاض(شہرنامہ نیوز) سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے مدینہ منورہ کے علاقے میں ایک کروز میزائل کو فضا میں روک کر تباہ کر دیا۔اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق دفاعی فورسز نے میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی انٹرسیپٹ کرکے ناکارہ بنا دیا۔تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ میزائل کہاں سے داغا گیا تھا، اس کا ممکنہ ہدف کیا تھا اور آیا اس واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے مدینہ منورہ کے علاقے پر میزائل حملہ کرنے کی تردید کرتے ہوئے سعودی عرب کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کا یہ بیان سعودی عرب کی جانب سے مدینہ منورہ کے علاقے کی طرف آنے والے ایک کروز میزائل کو روک کر تباہ کرنے کے دعوے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا۔حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یمنی مسلح افواج نے آج سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے مدینہ منورہ پر حملے کے دعوے کو ’’کھلا اور بے شرمانہ جھوٹ‘‘ قرار دیا۔اس سے قبل سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے دعویٰ کیا تھا کہ اتحاد کی فورسز نے مدینہ منورہ کے علاقے میں ایک کروز میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کر دیا۔

خبر پر اپنی رائے دیں