پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا معاہدہ

لاہور (شہرنامہ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور الائیڈ بینک آف پاکستان کے درمیان سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت الائیڈ بینک سپانسرشپ کی مد میں مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے فراہم کرے گا۔قذافی سٹیڈیم میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی مہمان خصوصی تھے، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، رکن قومی اسمبلی عون چوہدری اور ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور الائیڈ بینک آف پاکستان کی جانب سے چیف کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ نارتھ عابد انور نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تمام انتظامات کرے گا، جبکہ پروگرام کے ذریعے سکولوں میں کرکٹ کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ سکولوں کی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے مددگار ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور الائیڈ بینک کے درمیان شراکت داری سے نئے ستارے کرکٹ کے افق پر جگمگائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سکولز کرکٹ کو فروغ دینے کے حوالے سے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا سکولز کرکٹ کو دوبارہ فعال کرنے میں متحرک کردار قابل تحسین ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں