خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 خوارج ہلاک

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز)صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ مختلف جھڑپوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 21 دہشت گردوں کوہلاک کردیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر 31 اگست اوریکم ستمبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران علاقے میں چھپے 10 خوارج ہلاک ہوئے۔ شمالی وزیرستان میں ایک اور کارروائی کے دوران 7 خوارج ہلاک کئے گئے جبکہ کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں دو مختلف جھڑپوں میں مزید 4 خوارج ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کی کوشش کرنے والے ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے، علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ افغانستان سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی جا رہی ہے، افغان طالبان حکومت موثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے، طالبان حکومت دہشتگرد تنظیموں کو اپنی سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام ہے۔دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور بروقت کارروائی پر اظہار اطمینان کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگردوں کے مذموم عزائم ہرقیمت پر ناکام بنائیں گے، پاکستان کی سرحدوں کا دفاع اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی کے پی کے میں دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے خلاف مذموم عزائم ناکام بنانے پر قوم کو مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں