اسلام آباد (شہرنامہ نیوز)ایک نئی تحقیق کے مطابق روزانہ مناسب وقت دھوپ یا کھلی فضا میں گزارنا ڈیمینشیا کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ چین کے محققین کو ایک مطالعے میں معلوم ہوا کہ جو افراد اوسطاً روزانہ 42 منٹ سے کم وقت گھر سے باہر گزارتے ہیں، ان میں ڈیمنشیا لاحق ہونے کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق جتنا زیادہ وقت لوگ روزانہ باہر گزارتے ہیں، اتنا ہی اس بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ جرنل سائیکیٹری میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق اس کے فوائد صرف دھوپ والے دنوں تک محدود نہیں بلکہ ابر آلود موسم میں بھی باقاعدگی سے باہر وقت گزارنے سے بعد کی زندگی میں ڈیمنشیا کا خطرہ 16 فی صد تک کم ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ سورج کی روشنی یا کھلی فضا ڈیمنشیا کے خطرے میں کمی سے کیسے منسلک ہے۔ ایک رائے یہ ہے کہ جو افراد پہلے ہی کمزور صحت کے حامل ہوتے ہیں اور ڈیمنشیا کے زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں، وہ عموماً گھر سے کم باہر نکلتے ہیں۔ دوسری جانب بعض ماہرین کے مطابق سورج کی روشنی جسم کے سرکیڈین ردھم (یعنی جسمانی حیاتیاتی گھڑی) کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جس سے بہتر نیند، جسمانی افعال میں توازن اور ممکنہ طور پر دماغی صحت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ڈیمیشیا کیا بیماری ہے؟
ڈیمنشیا ایک عام اصطلاح ہے جو بیماریوں کے ایک گروپ کی نمائندگی کرتی ہے جو آپ کی سوچ، یادداشت، شخصیت، مزاج اور طرز عمل کو متاثر کرتی ہے۔ دماغی افعال میں کمی آپ کی روزمرہ کی زندگی اور سرگرمیوں میں مداخلت کرتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 85 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تقریباً 50% لوگوں کو ڈیمینشیا ہے۔
ڈیمنشیا کی علامات کیا ہیں؟
یادداشت میں کمی، فیصلہ لینے میں مشکل پیش آنا اور الجھن کا سامنا کرنا
بولنے، سمجھنے اور خیالات کا اظہار کرنے، یا پڑھنے اور لکھنے میں دشواری محسوس کرنا۔
سوالات کو بار بار دہرانا
اشیاء کا حوالہ دینے کے لیے غیر معمولی الفاظ کا استعمال کرنا
معمول کی روزمرہ کی سرگرمیوں یا واقعات میں دلچسپی کھونا۔
چھوٹی چھوٹی باتوں کو بھول جانا
دوسرے لوگوں کے جذبات کی پرواہ نہ کرنا
توازن کھونا اور نقل و حرکت کے مسائل
دھوپ یا کھلی فضا میں وقت گزارنا کس بیماری کے امکانات کم کر سکتا ہے






