مکہ دفاعی معاہدہ، اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج پیر کو استنبول میں ہوگا

استنبول(شہرنامہ نیوز)پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا۔ ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کریں گے۔ پاکستان کی شرکت خطے میں دیرپا امن و استحکام کی خواہش کا اظہار ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیے، سعودی عرب اور پاکستان کے اعلیٰ حکام رواں ماہ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلی کمیٹی کے اجلاس کے لیے پیر کے روز استنبول میں جمع ہوں گے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزارتِ خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ استنبول میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں ‘بین الاقوامی سلامتی کے امور’ سرِفہرست ہوں گے اور توقع ہے کہ بات چیت میں دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے، مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور تیاری سمیت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں