ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت کی پاکستان کو 64 رنز سے شکست

برمنگھم(شہرنامہ نیوز) ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کی پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کیا، جبکہ پاکستانی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار نظر آئی۔پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا اہم مقابلہ برمنگھم میں جاری ہے۔170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 17 اوورز میں 106 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے منیبہ علی سب سے نمایاں رہیں، جنہوں نے 41 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔عالیہ ریاض نے 18 رنز بنائے، جبکہ عائشہ ظفر اور گل فروزہ نے 12، 12 رنز اسکور کیے۔ نطالیہ پرویز 7، ناشرہ سندھو 4، رامین شمیم 4 اور سائرہ جبین 2 رنز بنا سکیں۔ تسمیہ رباب اور کپتان فاطمہ ثنا اپنا کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئیں۔بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میچ کا پانسہ اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دیا۔ شری چرانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شفالی ورما نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کپتان ہرمن پریت کور نے 36 جبکہ رچا گھوش نے 34 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مضبوط بنایا۔پاکستانی بولرز بھارتی بیٹرز کو بڑے اسکور سے روکنے میں ناکام رہیں، جبکہ بیٹنگ لائن بھی ہدف کے تعاقب میں خاطر خواہ مزاحمت نہ دکھا سکی۔ بھارت کی پاکستان کو 64 رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کو ایونٹ میں آگے بڑھنے کے لیے اپنے آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔

خبر پر اپنی رائے دیں