دارالحکومت اسلام آباد کی 65 فیصد آبادی شدید بحران کا شکار

تحریر: محمد صدیق الرحمن عباسی
ماں دھرتی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی 65 فیصد آبادی انکروچمنٹ، ناجائز تجاوزات، اللیگل ہاؤسنگ سوسائٹی اور سرکاری جگہوں پر قابضین کے مختلف الزامات کے بعد لاکھوں گھرانوں پر مشتمل 18 لاکھ سے زائد کی آبادی کا رورل ایریا اسلام آباد انتہائی اذیت ناک صورتحال کا شکار ہے۔
ایک طرف حکومت کی طرف سے اربوں روپے مالیت کے تعمیراتی پروجیکٹس شروع کیے گئے ہیں تو دوسری طرف سینکڑوں پلازوں اور گھروں کو منہدم کیے جانے کے آرڈر کیے جا رہے ہیں۔ مقتدر حلقے جانتے ہیں کہ حکومتی مشینری کی ملی بھگت کے بغیر ایک انچ زمین پر بھی کوئی قابض نہیں ہو سکتا، یا تو محکمہ مال کی ملی بھگت سے پاکستان بھر سے آئے ہوئے اسلام آباد کے رہنے والوں کے سادہ لوگوں سے ان کی جمع پونجی لوٹی گئی۔ ان پلاٹوں پر ان لوگوں کی کئی سالوں کی محنت کے بعد مکان تعمیر ہوئے تو حکومتی مشینری ایکٹو ہو گئی۔
اسلام آباد کی 65 فیصد آبادی یہ لوگ دیہی علاقہ اسلام آباد میں آباد ہیں۔ 50 سال قبل جب پاکستان کا دارالخلافہ اسلام آباد بنایا گیا تو اس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا، ایک حصہ شہری علاقہ جس کو سی ڈی اے نے ڈویلپ کر کے سیکٹر بنائے اور دوسرا حصہ رورل ایریا پر مشتمل ہے جس کو مقامی دیہاتیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔
اسلام آباد کے شہری علاقے میں تجارتی مراکز تعمیر ہوئے، قومی اسمبلی، سیکرٹریٹ، سرکاری دفاتر قائم ہوئے تو ملک بھر سے لاکھوں افراد روزگار کے سلسلے میں سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں اسلام آباد میں آ کر ملازم ہوئے۔ سی ڈی اے سیکٹر انتہائی مہنگا ہونے کی وجہ سے ملازمین کے پاس جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ان لوگوں نے اسلام آباد کے رورل ایریا میں سستی جگہ خرید کر اپنے گھر بنائے۔ یہ لاکھوں کی تعداد میں وہ لوگ ہیں جو سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کر رہے ہیں، یہ اصل میں معمار پاکستان ہیں جو اتنے بے بس ہیں کہ انہی دفاتر میں بیٹھ کر اپنے خلاف بننے والی پالیسیوں پر کوئی آواز نہیں اٹھا سکتے۔
دوسری طرف رورل ایریا کے لوگوں کی 50 سالوں کے بعد آبادی کئی گنا بڑھ گئی۔ اب یہاں سے دو قومی اسمبلی کے ممبران منتخب ہوتے ہیں، ان میں راجہ خرم نواز ممبر قومی اسمبلی چیئرمین قائمہ کمیٹی اور ممبر قومی اسمبلی وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری وہ اپنے اپنے لوگوں کے لیے آواز تو اٹھا رہے ہیں جس کا ابھی تک کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا۔
اس موقع پر رورل ایریا میں بسنے والے 18 لاکھ افراد کی نظریں موجودہ حکومت کی بااثر ترین شخصیت وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی پر لگی ہوئی ہیں۔ اسلام آباد کے ٹوٹل ایریا میں بسنے والے 18 لاکھ افراد کے لیے سید محسن نقوی مسیحا بن سکتے ہیں۔
ریاست ماں جیسی ہوتی ہے – ریاست سے ٹکرانا ماں سے ٹکرانے کے مترادف ہے۔ ماں جیسی بھی ہو جس کی بھی ہو وہ اپنے بچوں کو ایسے آغوش میں لیتی ہے، بچوں کی خاطر ساری دنیا سے ٹکرا جاتی ہے۔ ماں وہ ہستی ہے اللہ تعالیٰ نے بھی پیار اور محبت کی بات کی تو ماں کا لفظ استعمال کیا۔ اللہ تعالیٰ 70 گنا ماں سے زیادہ پیار کرتا ہے۔ ہماری ماں جیسی ریاست پاکستان اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام ہے، ہمارے آبا و اجداد کی جان و مال کی قربانیوں سے حاصل کیا ہوا پاکستان جس کے رہنے والے 99 فیصد لوگ اب بھی اس دھرتی کے لیے اپنی جان مال اور اولاد حتیٰ کہ اپنے خون کا آخری قطرہ بھی اس ماں دھرتی پاکستان کی خاطر دینے کے لیے تیار ہیں۔
ہماری فورسز نے دنیا بھر کی طاقتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے دماغوں میں بھی اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں۔ ریاست پاکستان کو چلانے والے 70 سالوں سے مختلف ادوار میں مختلف لوگ آئے لیکن کسی بھی شخص کے بارے میں اس دھرتی پاکستان کی وفاداری میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ مختلف ادوار میں ہماری اس ماں دھرتی نے کامیابیوں کے وہ جھنڈے گاڑے کہ ملک بھر کی کروڑوں عوام کے سر فخر سے بلند ہوئے۔ وہ نعرہ جو روکھی سوکھی کھائیں گے ایٹم بم بنائیں گے وہ کام ہمارے حکمرانوں اور ریاست کے چلانے والوں نے کر کے دکھایا۔
اس ماں دھرتی ریاست کے چلانے والوں کے لیے میرا ایک پیغام یہ ہے کہ ماں دھرتی کی اصل طاقت اس کی آغوش میں رہنے والے لوگ ہیں، مال و دولت کی کوئی اہمیت نہیں۔ اس دھرتی کو حاصل کرنے کے لیے ہم سب کے آبا و اجداد نے اپنی جانیں اپنا مال اور سب کچھ لٹا کر یہ دھرتی حاصل کی۔ ہر دور میں اگر اچھے لوگ ریاست کو چلانے والے تھے تو کچھ دشمن عناصر مفاد پرست اور پیسے کے پجاری لوگ بھی ان میں گھسے ہوئے تھے ان کی وجہ سے ماں دھرتی پاکستان اور اس کے رہنے والے لوگوں کو کچھ نقصان اٹھانا پڑا، لیکن اس کا ہرگز مقصد یہ نہیں کہ ریاست اور ریاست کے رہنے والوں کو آپس میں لڑا دیا جائے۔
اگر اس دھرتی کے رہنے والے ایک شخص کو ہزاروں کنال جگہ الاٹ کر دی جاتی ہے تو اس دھرتی کے رہنے والے غریب لوگ جنہوں نے ساری زندگی کی جمع پونجی لگا کر پانچ مرلے یا دس مرلے میں گھر بنایا ہے ان سے ماں دھرتی کی زمین واگزار کر کے کیا فتح حاصل ہوگی؟ مقتدر حلقے ایسی وہ زمینیں جن سے ہمارے گرین ایریاز یا ملک کو نقصان نہیں پہنچتا ان کے لیے نئی قانون سازی کر کے چھت اور کاروبار کے لیے ان کو فیسلیٹ کیا جائے اور ان ریاستی عناصر اور مافیاز کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ریاست ماں جیسی ہوتی ہے بلکہ پاکستان ہماری اصل ماں دھرتی ہے۔ ہمارے مقتدر حلقے یہ جانتے ہیں کہ پاکستان کی دھرتی میں کسی بھی جگہ کوئی ناجائز تعمیرات ہوئی ہیں تو مافیاز اور ریاستی عناصر شامل ہوئے ہیں تو کچھ ہوا ہے۔ وہ لوگ جو اصل مجرم ہیں وہ کبھی بھی قانون کی گرفت میں آ ہی نہیں سکتے، قانون کی گرفت میں اگر آئے گا تو پاکستان کی دھرتی کا وہ غریب مسکین شخص جس نے اپنی زندگی کی ساری جمع پونجی لگائی ہے۔
جناب محسن نقوی صاحب آپ مقتدر حلقوں اور ماں دھرتی پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کے طاقتور ترین آدمی ہیں، اس وقت ملک بھر میں اور خصوصاً اسلام آباد میں تجاوزات اور سرکاری جگہوں پر قبضے کے نام پر ماں دھرتی پاکستان کے رہنے والے لاکھوں کی تعداد میں عوام سے چھت چھینی جا رہی ہے، انہوں نے ساری زندگی کی محنت کی کمائی لگائی ہے۔ اگر عوام کے گھر ناجائز تجاوزات میں بھی ہیں تو پانچ مرلہ سکیم کے تحت ان لوگوں کو چھتوں کی جگہ دی جائے اور ان لوگوں کے گھر مسمار ہونے سے بچائے جائیں۔ اس طرح بے روزگار ہونے والے تاجروں کے لیے حکومتی اقدامات کیے جائیں۔ پاکستان میں پہلے بھی عوام کو مالکانہ حقوق پر پلاٹ اور مکان دیے گئے ہیں۔
اس موقع پر آپ بھی اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچا لیں۔ اسلام آباد میں ان لوگوں نے گھر بنائے ہیں یا تو اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اسلام آباد آئے یا پھر اسلام آباد میں سرکاری نیم سرکاری اداروں کے ملازمین نے پلاٹ لے کر ساری زندگی کی جمع پونجی سے اپنے گھر بنائے ہیں، ان میں سے اگر کسی کے گھر غلط جگہ بن گئے ہیں تو حکومت ان متاثرین کو اچھے انداز سے فیسلیٹ کرے۔

خبر پر اپنی رائے دیں