تحریر: راجہ جاوید اختر
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ 20 دسمبر کو انتخابات کے مجوزہ انعقاد کی تاریخ قریب آ رہی ہے، مگر زمینی حقائق، سیاسی سرگرمیوں کی صورتحال اور مجموعی انتخابی ماحول کو دیکھتے ہوئے یہ تاثر مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ایک بار پھر اپنے مقامی نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم رکھا جا سکتا ہے۔ انتخابات کے انعقاد کے بجائے ان کے التوا کے امکانات پر بحث زور پکڑنے لگی ہے۔
سوال یہ ہے کہ آخر اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ہر مرتبہ کسی نہ کسی قانونی، انتظامی یا سیاسی رکاوٹ سے دوچار کیوں ہو جاتا ہے؟ کیا وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو مقامی حکومت کا حق دینا اتنا مشکل ہے کہ برسوں گزرنے کے باوجود منتخب بلدیاتی نظام قائم نہیں ہو سکا؟
انتخابات کے انعقاد کے لیے جس سیاسی سرگرمی، جوش و خروش اور عوامی رابطہ مہم کی ضرورت ہوتی ہے، وہ فی الحال اسلام آباد میں دکھائی نہیں دے رہی۔ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی سرگرمیاں محدود ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی کوئی غیر معمولی انتخابی مہم نظر نہیں آ رہی۔ حیران کن امر یہ ہے کہ حکومت میں شامل جماعتیں بھی اس معاملے پر وہ سنجیدگی اور دلچسپی ظاہر نہیں کر رہیں جس کی توقع ایک جمہوری نظام میں کی جاتی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 10 نومبر کو اس معاملے پر اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ یہ اجلاس غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے، کیونکہ اس میں سامنے آنے والی پیش رفت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے مستقبل کا رخ متعین کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ عدالت میں دائر رٹ پٹیشن نے بھی انتخابی عمل کے حوالے سے قانونی پیچیدگیوں اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ کر دیا ہے۔
یہ تمام عوامل اس خدشے کو تقویت دے رہے ہیں کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ایک مرتبہ پھر التوا کا شکار ہو سکتے ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن اور متعلقہ قانونی و آئینی عمل کے نتیجے میں ہی سامنے آئے گا۔
اصل المیہ یہ ہے کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے، جہاں پارلیمنٹ، ایوانِ صدر، وزیراعظم ہاؤس، سپریم کورٹ اور تمام اہم قومی ادارے موجود ہیں، مگر اسی شہر کے شہری اپنے گلی محلوں، سڑکوں، نکاسی آب، صفائی، پینے کے پانی، اسٹریٹ لائٹس اور بنیادی شہری سہولیات کے مسائل کے حل کے لیے ایک بااختیار منتخب مقامی حکومت سے محروم ہیں۔
اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں کی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ترلائی، کھنہ، علی پور، لوہی بھیر کرال کرپا۔سہالہ جھنگ سیداں۔چراہ گاوں ،تمیر،شکریال۔،سوہان موریاں۔ کے گردونواح، کورال، سوہان، غوری ٹاؤن اور دیگر آبادیوں میں شہری مسائل کا انبار ہے۔ کہیں صفائی کا نظام ناقص ہے، کہیں پانی کی قلت ہے، کہیں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور کہیں تجاوزات اور غیر منصوبہ بند آبادیوں نے شہری زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ ایسے میں بلدیاتی حکومت کی عدم موجودگی براہ راست عوام کو متاثر کر رہی ہے۔
یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ سیاسی جماعتیں انتخابات کے موقع پر عوام کو جمہوریت، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوامی نمائندگی کے بڑے بڑے وعدے کرتی ہیں، لیکن جب بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ آتا ہے تو وہی جماعتیں غیر معمولی خاموشی اختیار کر لیتی ہیں۔ آخر کیوں؟ کیا سیاسی قیادت کو مقامی سطح پر نئی قیادت کے ابھرنے کا خدشہ ہے؟ کیا اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سیاسی جماعتوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہی
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات: جمہوریت پھر التوا کے دہانے پر؟






