ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 700 ملین ڈالر قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد(شہرناماہ نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں انشورنس شعبےکی اصلاحات کے لیے 700 ملین ڈالر کی پالیسی پر مبنی قرض کی منظوری دے دی۔اے ڈی بی کے مطابق پروگرام کا مقصد انشورنس کوریج کو وسعت دینا اور تحفظ میں موجود خلا کو کم کرنا ہے، پروگرام نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت کرے گا، انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام پاکستان کی مالیاتی مضبوطی کو مستحکم کرے گا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پروگرام کےتحت گھریلو صارفین،کاروبار،کسانوں اور عوامی مالیات کو شدید موسمی حالات، قدرتی آفات اور دیگر خطرات کےخلاف مالی تحفظ فراہم کیاجائے گا، اصلاحات سے مالیاتی کمزوریوں میں کمی، بحرانوں سے تیزی سے بحالی اور عوامی مالیات پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے۔اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام پاکستان کے انشورنس شعبےکو قواعد پر مبنی نظام سےخطرات پر مبنی اور مارکیٹ پرمبنی نظام میں تبدیل کرنے کی حمایت کرتا ہے، اصلاحات ترقی کے لیےطویل المدتی سرمایہ متحرک کرنے اور زیادہ جامع و مضبوط انشورنس مارکیٹ کےقیام میں مدد دیں گی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ پاکستان میں انشورنس کی رسائی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کاصرف 0.7 فیصد ہے، بہت سےگھرانے،کاروباری ادارے اور کسان ماحولیاتی، صحت سے متعلق اور اقتصادی جھٹکوں کے مقابلے میں مالی طور پر غیر محفوظ ہیں، قرض جامع مضبوطی کے اقدامات اور قدرتی آفات سے متعلق مالیاتی انتظامات کی حمایت کرے گا۔اعلامیے کے مطابق جامع اور ہنگامی حالات سے ہم آہنگ انشورنس مصنوعات،خصوصاً کسانوں، خواتین اور کمزور گھرانوں کے لیے فروغ دی جائیں گی، خواتین اور لڑکیوں کی ضروریات کے مطابق انشورنس حل کو فروغ دیا جائے گا۔

خبر پر اپنی رائے دیں