راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رواں سال پاکستان ریلوے کی آمدن 160 ارب روپے تک پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے، اس دوران چھٹیاں بند ہوں گی اور تمام افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11 نئی کوچز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور نئی بوگیوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسٹیشن کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا جبکہ مسافروں اور ریلوے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ عوام ایکسپریس کو اے اے انٹرپرائزز نے نجکاری کے عمل میں حاصل کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے اے اے انٹرپرائزز کو مبارک باد دی اور کہا کہ عوام ایکسپریس پہلے ایسی حالت میں تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں کرتا تھا، تاہم اب اسے بہترین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کو کامیاب بنائیں گے اور اسے ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کی نجکاری کے بعد نئی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور ٹرین نجی شعبے کے تعاون سے سفر شروع کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں۔ ریلوے کی آمدن 88 ارب روپے سے بڑھ کر 115 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور رواں سال اسے 160 ارب روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔ ریلوے ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کر دی گئی ہیں جبکہ صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ 60 ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے ورکشاپ لاہور، جو 15 سال سے بند تھی، اسے بحال کر دیا گیا ہے۔ 2008 سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس بھی دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 40 ٹرینوں میں سے 20 میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں، تاہم ریلوے کے مسائل 31 دسمبر تک حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلوے اسپتال نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے، تاہم ریلوے ملازمین کو علاج کی مکمل مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ اسکولوں کے بعد سرکاری اسپتالوں کو بھی نجی شعبے کے تعاون سے چلانے کی بات ہو رہی ہے۔ مسافروں کو معیاری کھانا، فوڈ سیفٹی اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے قومی اثاثہ ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ریلوے اسٹیشنوں کے تمام حصوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ ریلوے کے پرزوں کی چوری روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ریلوے کی ایک ایک پائی کی حفاظت کی جائے گی۔
ریلوے کی آمدن 160 ارب روپے تک کا ہدف، افسران کی چھٹیاں بند ،حنیف عباسی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






