جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے فروغ اور استعمال کو تیز کرنا ہوگا، ڈاکٹر قمر الزمان

راولپنڈی(شہرنامہ نیوز) وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبے کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور پائیدار زرعی ترقی کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی، جدت پر مبنی تحقیق اور کاروباری سرگرمیوں کو زرعی شعبے کا لازمی حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ ہونہار پن ٹیک ایکسپو 2026 کے موقع پر ’’زراعت، غذائی تحفظ اور ایگری ٹیک‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں زرعی شعبہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل نظام اور ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی کے باعث تیزی سے تبدیلی کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کو بھی زرعی پیداوار میں اضافے، قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال اور زرعی نظام کو موسمیاتی و دیگر چیلنجز کے مقابلے میں مزید مستحکم بنانے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے فروغ اور ان کے عملی استعمال کو تیز کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں پر یہ اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ زرعی شعبے کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق ایسی ہنرمند افرادی قوت تیار کریں جو جدید ٹیکنالوجی کے علم، تحقیقی صلاحیتوں اور کاروباری سوچ سے آراستہ ہو۔ اس پینل ڈسکشن نے باصلاحیت طلبہ، ممتاز جامعات، صنعتی شعبے کے شراکت داروں اور جدت طرازی سے وابستہ افراد کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں انہوں نے اپنے خیالات پیش کیے، نئے مواقع تلاش کیے اور کاروباری سرگرمیوں و انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سیشن میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں جدت پسندانہ سوچ کو فروغ دینے اور تعلیمی اداروں و صنعتی شعبے کے مابین مضبوط روابط استوار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، تاکہ پنجاب کے لیے ایک روشن، ترقی یافتہ اور ٹیکنالوجی پر مبنی مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں