سی ڈی اے ملازمین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امان اللہ خان

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) سی ڈی اے لیبر یونین امان اللہ خان گروپ کی سپریم کونسل اور مرکزی عہدیداران کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت یونین کے صدر حاجی حسن اختر عباسی نے کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے ملازمین کو درپیش دیرینہ مسائل، ادارے کی موجودہ صورتحال، ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد و جنرل سیکرٹری سی ڈی اے لیبر یونین امان اللہ خان نے کہا کہ سی ڈی اے کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک اور نازک ہو چکی ہے۔ مختلف ڈائریکٹوریٹس کی آؤٹ سورسنگ، ہاؤس بلڈنگ اور موٹر سائیکل ایڈوانس کی سہولتوں کی بندش، ترقی کے منتظر ملازمین کی پروموشنز میں غیر ضروری تاخیر، میرٹ اور سینیارٹی کی بنیاد پر رہائشی مکانات کی الاٹمنٹ کا طویل عرصے سے تعطل، ایم سی آئی کمپلیکس کا قیام، مختلف دفاتر کی منتقلی اور ملازمین کے دیرینہ مسئلے پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں ناکامی سمیت متعدد مسائل نے ملازمین کو شدید پریشانی اور بے چینی سے دوچار کر رکھا ہے۔انہوں نے موجودہ سی بی اے یاسین گروپ کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سی بی اے ملازمین کے حقوق اور ادارے کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث ملازمین میں مایوسی اور بے اعتمادی بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملازمین کو اپنے بنیادی اور جائز حقوق کے حصول کے لیے بھی مشکلات کا سامنا ہے، جس کی ذمہ داری موجودہ سی بی اے کی ناقص کارکردگی پر عائد ہوتی ہے۔ ان اللہ خان نے اپنے سابقہ دورِ سی بی اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے لیبر یونین نے اپنے دور میں ملازمین کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے عمل کو تقریباً مکمل کرتے ہوئے ڈیویلپڈ سیکٹرز میں 6,291 پلاٹس کی منظوری حاصل کی۔ تاہم یاسین گروپ کی جانب سے عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کیے جانے کے باعث ملازمین پلاٹوں کی الاٹمنٹ جیسے بنیادی اور دیرینہ حق سے محروم ہو گئے، جس سے ہزاروں ملازمین کے معاشی مفادات متاثر ہوئے۔انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ سی ڈی اے ملازمین کو ان کے جائز حق، یعنی پلاٹوں کی الاٹمنٹ دلوانے کے لیے قانونی جدوجہد ہر فورم پر جاری رکھی جائے گی۔ اس سلسلے میں عدالتِ عالیہ، سی ڈی اے انتظامیہ اور حکومتِ وقت سے رجوع کیا جائے گا اور ملازمین کو ان کا حق دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔قائد و جنرل سیکرٹری امان اللہ خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ سی ڈی اے لیبر یونین کے تمام شاہین اپنے پلیٹ فارم پر متحد ہوں، باہمی اختلافات ختم کرکے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کو مؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی تقسیم، ملازمین کے حقوق کی پامالی اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی ڈی اے لیبر یونین نہ صرف ملازمین کے حقوق کے تحفظ بلکہ ادارے کی مضبوطی، ترقی اور بقا کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ سی ڈی اے کے محنت کشوں کی امیدیں اس یونین سے وابستہ ہیں، لہٰذا تمام عہدیداران اور کارکنان کو چاہیے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفادات اور ادارے کے مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس سے صدر سی ڈی اے لیبر یونین حاجی حسن اختر عباسی، چیئرمین داؤد خان، سپریم ہیڈ چوہدری قیصر گجر، چیف آرگنائزر چوہدری اشفاق احمد، پریس سیکرٹری قاری آصف الخیری سمیت دیگر سینئر رہنماؤں اور مرکزی عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ، باہمی اتحاد اور ادارے کی بقا کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔جلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی ڈی اے ملازمین کے جائز حقوق، بالخصوص پلاٹوں کی الاٹمنٹ، ترقیوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں