اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں پرتگال کے وزیر خارجہ پائولو رانجل کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے زراعت بالخصوص زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی اور بحری رابطوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ مذاکرات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام اور کاروباری روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔نائب وزیراعظم نے تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں میں قریبی تعاون کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے ہنرمند کارکنوں کے لیے قانونی ذرائع سے نقل مکانی کے راستے فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ میں تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات بشمول جی ایس پی پلس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور اس بات کی اہمیت کا اعادہ کیا کہ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت، سفارت کاری اور پرامن ذرائع اختیار کیے جانے چاہئیں۔
اسحاق ڈار کی پرتگالی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل






