روسی میڈیا میں اردو کی انٹری، سپتنک نے اردو نیوز سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا

ماسکو(شہرنامہ نیوز) پاکستان کی قومی زبان اردو کے لیے اہم پیش رفت،روسی خبر رساں ادارے سپتنک نے اردو نیوز سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا، سپتنک اردو زبان میں نیوز سروس شروع کرنے والا پہلا روسی خبر رساں ادارہ بن گیا۔وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سپتنک اردو سروس کے آغاز پر خصوصی ویڈیو پیغام میں ادارے کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو مبارکباد دی۔عطاء اللہ تارڑکا کہنا تھا کہ سپتنک کی اردو سروس پاکستان اور روس کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی،نئی سروس سےدونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، عوامی روابط اور افہام و تفہیم کو فروغ ملے گا۔سپتنک نےاردو سروس کے آغاز پر روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا ماسکو اسٹوڈیو میں پہلا خصوصی انٹرویو بھی ریکارڈ کیا، جس میں پاک روس تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کی اہمیت اجاگر کی گئی۔سپتنک کےمطابق ادارہ دنیا بھر میں 30 سے زائد زبانوں میں خبریں اور معلومات فراہم کر رہا ہے، جبکہ اس کے یورپ، ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں 26 ادارتی مراکز قائم ہیں۔ادارے کےڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سبسکرائبرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ اس کی ریڈیو نشریات دنیا بھر میں 21 کروڑ سے زائد سامعین تک پہنچتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورہ روس سے قبل اردو سروس کا آغاز دونوں ممالک کے میڈیا روابط میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ نئی سروس کے ذریعے پاکستانی عوام کو روس کی ثقافت، معاشرت اور مختلف شعبوں میں پیش رفت سے آگاہی کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں