جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون ،پاک فوج ہماری ریڈ لائن ،بلاول بھٹو

مظفرآباد(شہرنامہ نیوز)مظفرآباد میں بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف کوئی بھی غلط بات ہمارے لیے انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے اور ان کے دکھ درد کو ہم اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے آزاد کشمیر کی صورتحال پر سب پریشان ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ اس تشویشناک صورتحال کا درمیانی راستہ نکالا جائے تاکہ کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کو حقوق دینے والی جماعت ہے، باقی دیگر قوتیں حقوق چھیننے والی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے، پرتشدد کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھ اکہ کراچی کے عوام آج بھی نہیں بھولے کہ 90 کی دہائی میں الطاف حسین کی سیاست نے کس طرح شہر کا امن، ترقی اور عوام کا جینا حرام کیا تھا۔ میں ہرگز نہیں چاہتا کہ اس طرز کی سیاست کو آزاد جموں و کشمیر میں فروغ ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا پسینہ گرے گا تو ہمارا خون گرے گا، کیونکہ کشمیریوں کو تکلیف پہنچتی ہے تو ہمیں بھی تکلیف ہوتی ہے، اور اگر کشمیریوں کو کچھ ہوتا ہے تو گویا ہمیں للکارا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، جب تک آزاد کشمیر کے حالات خراب رہیں گے، تب تک کشمیر کاز کو بھی نقصان پہنچتا رہے گا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے نے کہا کہ ایک سال قبل افواج پاکستان نے مودی کو عبرتناک شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے خلاف کوئی بھی بات قابل قبول نہیں وہ ہماری ریڈ لائن ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا جاتا ہے جب کہ فیلڈ مارشل کی عسکری بصیرت کی بھی دنیا معترف ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں