ماسکو (شہرنامہ نیوز)یوکرین نے روس پر گزشتہ 3 روز کے دوران 1000 سے زائد ڈرونز داغے ہیں۔ روس کے دارالحکومت ماسکو پر یوکرین کے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز یوکرین سے روسی دارالحکومت ماسکو پر 620 ڈرون داغے گئے جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق یوکرین کے ان حملوں میں روسی ای کامرس کمپنی کے ویئر ہاؤسز اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دو روز قبل بھی یوکرین نے روسی شہروں پر 800 سے زائد ڈرون فائر کیے جس کے نتیجے میں7 افراد مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ یوکرین کی جانب سے ایک ہی دن میں روس پر 800 سے زائد ڈرون داغے جانے کو اس جنگ میں اب تک یوکرین کی جانب سے کیا جانے والا سب سے بڑا ڈرون حملہ کہا جارہا ہے۔ دوسری جانب روس نے برطانیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوکرین کو ڈرونز کی فراہمی سے باز رہے، برطانیہ یوکرین جنگ کو مزید بڑھانے کا دانستہ راستہ اختیار کر رہا ہے۔ روسی سفارتخانے نے کہا کہ برطانوی ڈرونز روسی فوجی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں میں استعمال ہوئے، برطانیہ کی جنگ میں بڑھتی شمولیت کے سنگین نتائج ہوں گے۔ روسی الزامات پر جواب دیتے ہوئے برطانوی وزارت دفاع نے کہا کہ یوکرین کو دفاع کے لیے درکار ہتھیار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یوکرین کے روس پر ڈرون حملے جاری، 3 روز میں 1000 سے زائد ڈرون داغ دیے
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







