پنجاب میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد (شہرنامہ نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے 8ویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے، جبکہ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی علاقوں اور بعض اضلاع میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔پنجاب کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے، مجموعی طور پر صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں