جماعت اسلامی کا دھرنا جاری رہے گا، مذاکرات بھی ہوں گے: حافظ نعیم الرحمان

لاہور(شہرنامہ نیوز)پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے ختم کروانے کے لیے حکومتی وفد نے احسن اقبال کی سربراہی میں امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں طرف سے مذاکرات کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ حکومتی وفد نے منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ حکومت کی مذاکراتی ٹیم میں وفاقی وزیر احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور خواجہ سلمان رفیق شامل تھے۔جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مذاکراتی ٹیم کی قیادت کی۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف ملے، اس کے لیے حکومت نے ٹیم تشکیل دی ہے، جماعت اسلامی سے بھی کہا کہ اگر ایسی تجاویز ہیں جس سے پیٹرول قیمتوں کا بوجھ کم کرسکیں تو دیں، جماعت اسلامی سے کہا کہ ٹیم بنائیں ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہم نہیں چاہتےکہ ملک میں اس وقت ایسی صورتحال ہو جس سے دشمن فائدہ اٹھائے، موجودہ صورتحال کا تقاضا ہےکہ ہم سب مل کر داخلی امن قائم رکھنےکی کوشش کریں۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان نے بتایا ہے ان کے پاس ایسی تجاویز ہیں جن سے عوام کو ریلیف ملے، حکومت جماعت اسلامی کے قابل عمل تجاویز پر عمل درآمد کرےگی۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اس سال تو حکومت نے لیوی کی مد میں ہدف سے زیادہ رقم جمع کی ہے، مہنگائی نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، لیاقت بلوچ کی سربراہی میں ہم نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، پیٹرول کی قیمت، لیوی، آئی پی پیز اور روٹی کی قیمت کم کرنا ہمارے مطالبات ہیں، پیٹرول پر لیوی ختم اور قیمت بھی کم ہونی چاہیے، جن پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا وہ بھی 35 فیصد ٹیکس ادا کر رہا ہےحافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اتنی زیادہ مہنگائی ہے، حکومت غریب کے لیے روٹی کی قیمت 10 روپے کردے گی تو کیا ہوجائے گا، لیوی ختم، پٹرول کی قیمت کم اور روٹی سستی کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتی وفد نے دھرنے موخر کرنے کا کہا ہے، دھرنے بھی چلتے رہیں گے اور مذاکرات بھی۔ حافظ نعیم الرحمان نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں