*یومِ فضائیہ ،پاک فضائیہ کا پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت

کراچی(شہرنامہ نیوز) پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی عظیم قربانی کی یاد میں کراچی میں ان کی آخری آرام گاہ پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی قیادت ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، نے کی۔ انہوں نے مزارِ شہید پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور سربراہِ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے قومی ہیرو کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔عظیم فضائی ہوا باز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے دستے نے ان کی بے مثال جرأت، فرض سے غیر متزلزل وابستگی اور راہِ وطن میں دی جانے والی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔ راشد منہاس شہید کا تابندہ کردار آج بھی پاک فضائیہ کی قابلِ فخر روایات کو روشن کیے ہوئے ہے، جہاں فرض، عزت اور قربانی کو سب سے بلند مقام حاصل ہے۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ مزید برآں، اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاک فضائیہ ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جرأت، پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ سطح کی جنگی تیاری اور پختہ عزم کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔یہ تقریب پاک فضائیہ کے ان عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک پُروقار موقع بھی تھی، جن کی لازوال قربانیاں نہ صرف آنے والی نسلوں کے لیے جرأت، عزم اور حب الوطنی کا مینارِ نور ہیں بلکہ قومی تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ تابندہ رہیں گی۔

خبر پر اپنی رائے دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں